Sunday, April 19, 2015

64۔ سورۃ التغابن-

اللہ کے  نام سے  شروع جو نہایت مہربان رحم والا

(1) اللہ کی پاکی بولتا ہے  جو کچھ آسمانوں میں ہے  اور جو کچھ زمین میں ، اسی کا ملک ہے  اور اسی کی تعریف  اور وہ ہر چیز پر قادر ہے ،
(2) وہی ہے  جس نے  تمہیں پیدا کیا تو تم میں کوئی کافر اور تم میں کوئی مسلمان  اور اللہ تمہارے  کام دیکھ رہا ہے ،
(3) اس نے  آسمان اور زمین حق کے  ساتھ بنائے  اور تمہاری تصویر کی تو تمہاری اچھی صورت بنائی  اور اسی کی طرف پھرنا ہے   
(4) جانتا ہے  جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے  اور جانتا ہے  جو تم چھپاتے  اور ظاہر کرتے  ہو، اور اللہ دلوں کی بات جانتا ہے ،
(5) کیا تمہیں  ان کی خبر نہ آئی جنہوں نے  تم سے  پہلے  کفر کیا  اور اپنے  کام کا وبال  چکھا  اور ان کے  لیے  دردناک عذاب ہے  
(6) یہ اس لیے  کہ ان کے  پاس ان کے  رسول روشن دلیلیں لاتے   تو بولے ، کیا  آدمی ہمیں راہ بتائیں گے   تو کافر ہوئے   اور پھر گئے   اور اللہ نے  بے  نیازی کو کام فرمایا، اور اللہ بے  نیاز ہے  سب خوبیوں سراہا،
(7) کافروں نے  بکا کہ وہ ہرگز نہ اٹھائے  جائیں گے ، تم فرماؤ کیوں نہیں میرے  رب کی قسم تم ضرور اٹھائے  جاؤ گے  پھر تمہارے  کوتک تمہیں جتا  دیے  جائیں گے ، اور یہ اللہ کو آسان ہے ،
(8) تو ایمان لاؤ اللہ اور اس کے  رسول اور اس نور پر   جو ہم نے  اتارا، اور اللہ تمہارے  کاموں سے  خبردار ہے ،
(9) جس دن تمہیں اکٹھا کرے  گا سب جمع ہونے  کے  دن  وہ  دن ہے  ہار  والوں کی ہار کھلنے  کا  اور جو اللہ پر ایمان لائے  اور اچھا کام کرے  اللہ اس  کی برائیاں اتار دے  گا اور اسے  باغوں میں لے  جائے  گا جن کے  نیچے  نہریں بہیں کہ وہ ہمیشہ ان میں رہیں ، یہی بڑی کامیابی ہے ،
(10) اور جنہوں نے  کفر کیا اور ہماری آیتیں جھٹلائیں وہ آگ والے  ہیں ہمیشہ اس میں  رہیں ، اور کیا ہی برا  انجام،
(11)  کوئی مصیبت نہیں پہنچتی  مگر اللہ کے  حکم سے ، اور جو اللہ پر ایمان لائے   اللہ اس کے  دل کو ہدایت فرما دے  گا  اور اللہ سب کچھ جانتا ہے ،
(12) اور اللہ کا حکم مانو  اور  رسول کا حکم مانو، پھر  اگر تم منہ پھیرو   تو جان لو کہ ہمارے  رسول پر صرف صریح پہنچا دینا ہے    
(13) اللہ ہے  جس کے  سوا کسی کی بندگی نہیں اور اللہ ہی پر ایمان والے  بھروسہ کریں ،
(14) اے  ایمان والو تمہاری کچھ  بی بیاں اور بچے  تمہارے  دشمن ہیں  تو ان سے  احتیاط رکھو  اور اگر معاف کرو  اور درگزرو  اور بخش دو تو بیشک اللہ بخشنے  والا مہربان ہے ،
(15) تمہارے  مال اور تمہارے  بچے  جانچ  ہی ہیں  اور اللہ کے  پاس بڑا ثواب ہے   
(16) تو اللہ سے  ڈرو جہاں تک ہو سکے   اور فرمان سنو اور حکم مانو  اور اللہ  کی راہ میں خرچ کرو اپنے  بھلے  کو، اور جو اپنی جان کے  لالچ سے  بچایا گیا  تو  وہی فلاح پانے  والے  ہیں ،
(17) اگر تم اللہ کو اچھا قرض دو گے   وہ تمہارے  لیے  اس کے  دونے  کر دے  گا اور تمہیں بخش دے  گا اور اللہ قدر فرمانے  والے  حلم والا ہے
(18) ہر نہاں اور عیاں کا جاننے  والا عزت والا حکمت والا،

No comments:

Post a Comment

Note: Only a member of this blog may post a comment.